English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹھٹھہ واٹر سپلائی اور پارک لین ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: آصف علی زرداری پر پارک لین ضمنی اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی گئی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹ کیسز کی سماعت ہوئی جس میں سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے، اس موقع پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ تمام ملزم موجود ہیں اس لیے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع کرتے ہیں جس کے بعد آصف علی زرداری اور ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان کو چارج شیٹ فراہم کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فرد جرم کی کاپیاں فراہم کیے جانے کے بعد عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے پر آصف زرداری نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے صحت جرم سے انکار پر عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر جب کہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنس میں گواہ عمران محمود، علی رضا اور طارق منیر جب کہ پارک لین ریفرنس میں نبیل ظہور، احسن اسلم اور عبدالقبیر نیب کی جانب سے بطور گواہان پیش کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے