English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فٹبال لیگ ‘بی’ ڈویژن میں ہما کلب نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن لیگ بی ڈویڑن میں جمعہ کو کھیلے گئے میچز میں ہما فٹبال کلب نے ینگ اتفاق کلب کے خلاف 6 گول اسکور کیے جبکہ گوادر پورٹ اتھارٹی نے خسارے میں جانے کے باوجود پاکستان ریلویز کو چاروں شانے چت کردیا۔ میچ کے مرد میدان ہما کلب کے خلیق الزمان رہے جنہوں نے لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں پوائنٹس ٹیبل کی 2 صف اول ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں 4 گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو ینگ اتفاق ایف کے خلاف 1-6 سے فتح دلادی۔میچ سے قبل ینگ اتفاق پوائنٹس ٹیبل پر ایک گول کے فرق سے پہلے نمبر پر براجمان تھی اور ہما کی ٹیم دوسرے نمبر پر موجود تھی۔البتہ خلیق الزمان کی شاندار کارکردگی کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی اور ہما ایف سی نے پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ۔ہما ایف سی کے فارورڈ نے گول کیے جبکہ اعجاز احمد اور عمار اقبال نے بالترتیب 61ویں اور 78ویں منٹ میں گیند کو گول کی راہ دکھائی۔ ابتدائی میچوں میں گول کے انبار لگانے والی ینگ اتفاق ایف سی کیلئے میچ میں واحد گول حبیب الرحمن نے اسکور کیا۔ایونٹ میں کھیلے گئے ایک اور دلچسپ مقابلے میں گوادر پورٹ اتھارٹی نے خسارے میں جانے کے باوجود بہترین کم بیک کرتے ہوئے پاکستان ریلویز کو 1-2 سے مات دے دی۔میچ میں گوادر پورٹ نے بہتر کھیل پیش کیا اور گول کرنے کے کئی مواقع پیدا کیے لیکن اسے گول میں تبدیل نہ کر سکے۔اس کے برعکس پاکستان ریلویز نے میچ میں ملنے والے پہلے ہی موقع سے فائدہ اٹھا لیا اور نفیس لیاقت کے گول کی بدولت انہوں نے میچ کے 17ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔گودر پورٹ اتھارٹی نے مسلسل جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسرے ہاف میں تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور بالآخر 78ویں منٹ میں اشراق کے ہیڈر کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔شاہنواز پولانی نے فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی سے ہمکنار کرا دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے