English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں وزیراعلی ہاؤس سندھ میں اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں لیگی رہنما کیپٹن ر صفدر کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کے ساتھ پیش آنے والے تضحیک آمیز واقعے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سندھ حکومت اور تمام ادارے آپ کے ساتھ ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو گلشن اقبال میں دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے دباؤ ڈالے جانے، گھر کا گھیراؤ کرنے اور اپنے ساتھ کی گئی تضحیک پر آئی جی سندھ مشتاق مہر سمیت کئی اعلیٰ پولیس افسران نے دو ماہ کی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آرمی چیف کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور تحقیقات کے احکامات پر انہوں نے یہ فیصلہ موخر کردیا۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری بھی گزشتہ روز وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ آئی جی آفس پہنچے تھے اور سندھ پولیس سے اظہار یکجہتی کیا تھا۔ انہوں نے آئی جی سندھ مشتاق مہر اور سی سی پی او کراچی غلام نبی میمن سمیت دیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی اور صوبے میں قیام امن کے لیے سندھ پولیس کی خدمات کو سراہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے