کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ سندھ کی ٹیم نے جیت لیا، سندھ نے پوائنٹس ٹیبل پر 48 پوائنٹس حاصل کیے اور پہلی پوزیشن حاصل کی ،پوائنٹس کی بنیاد پر سندھ کو فاتح قرار دیا گیا۔سندھ نے ٹورنامنٹ میں 5 میچ جیتے ایک میچ میں شکست کا سامنا ہوا اور چار میچز بے نتیجہ رہے۔خیبر پختونخواہ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی ،خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے 45 پوائنٹس حاصل کیے،خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے دس میچز میں سے 5 میچ جیتے 2 میچز میں شکست ہوئی اور تین میچزڈرا ہوئے۔سنٹرل پنجاب نے 31 پوائنٹس لے کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی،سنٹرل پنجاب نے تین میچ جیتیتین ہی ہارے اور چار میچز میں کوئی نتیجہ سامنے نہ آیا۔سدرن پنجاب نے 27 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی ،سدرن پنجاب دو میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی تین میچز میں شکست ہوئی جبکہ پانچ میچ ڈرا ہوئے،ناردرن نے 21 پوائنٹس حاصل کیے ناردرن کی ٹیم کو پانچ میچز میں شکست کا سامنا ہوا،تین میچز ڈرا رہے جبکہ ناردرن دو میچ جیتنے میں کامیاب رہی یوں ناردرن ٹورنامنٹ میں 5ویں نمبر پر رہی۔بلوچستان کی ٹیم 16 پوائنٹس حاصل کر سکی،بلوچستان کی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ چار میچ میں شکست ہوئی اور پانچ میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ کے سی سی اے اسٹیڈیم میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کے فیصلہ کے بغیر ختم ہو گیا۔ میچ کے آخری روز بلوچستان کو میچ جیتنے کے لئے 291 درکار تھے بلوچستان نے 33 اوورز کے کھیل میں دو وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے ۔ علی رفیق 12 اور عبدالواحد 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اویس ضیا ء 52 اور عبدالرحمان مزمل 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد اصغر اور عامر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سندھ نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے۔ سندھ نے تیسرے روز کھیل کا آغاز دو کھلاڑی آؤٹ 48 رنز سے کیا تھا۔ سندھ کی جانب سے سید محمد تہامی نے 76 اور عماد عالم نے 46 رنز بنائے۔ رمیز عزیز54 اور سیف اللہ بنگش 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بلوچستان کی جانب سے زین اللہ نے تین وکٹیں لیں۔

