English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا : ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں 50 افراد جاں بحق

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 44 ہزار سے زائد ہوگئی جب کہ ایک دن میں اس جان لیوا وائرس نے 50 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 42 ہزار 596 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 59 لاکھ 48 ہزار 742 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 047 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 32 ہزار 327 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 91 ہزار 246، پنجاب میں ایک لاکھ 25 ہزار 897، خیبر پختونخوا میں 51 ہزار 172، اسلام آباد میں 34 ہزار 014، بلوچستان میں 17 ہزار 650، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 578 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 770 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 582 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 538 کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 50 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 653 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 ہزار 791 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 092 ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے