نیپیئر (جسارت نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست سے مایوسی ہے ٹی ٹوئنٹی کے برعکس ہمارے پاس ٹیسٹ اسکواڈ میں تجربہ کار فاسٹ بولرز اور بلے باز موجود ہیں، امید ہے کہ ہم ٹیسٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ پیر کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں میزبان ٹیم نے اپنی ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ہمیں اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے صلاحیتوں میں نکھار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ہم ہر شعبے میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لئے بہتر ہوگا کیونکہ 2021مصروف ترین سال ہے اور ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ا سکواڈ کے برعکس قدرے تجربہ کار کھلاڑی ہمارے پاس موجودہیں جن میںتجربہ کار فاسٹ بولرز اور بیٹسمین شامل ہیں، امید ہے کہ ہم ٹیسٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ مصباح الحق نے کہا کہ بابر اعظم کے لئے نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لئے واپسی سخت فیصلہ ہوگا، اس لئے انہیں پہلے ٹیسٹ میچ میں آرام کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
