کراچی (اے پی پی) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے نویں رائونڈ کا تیسرا روز مکمل ہوگیا، بلوچستان نے ناردرن کو ایک اننگز اور پانچ رنز سے شکست دے دی۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں بلوچستان نے تیسرے روزمنگل کو ناردرن کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دے دی ۔ ناردرن نے 169 رنز کے خسارے کے ساتھ تیسرے روز دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔ بلوچستان کے کاشف بھٹی اور رضا الحسن کی شاندار باولنگ کی بدولت نارردن کی پوری ٹیم 164 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ کاشف بھٹی نے 67 اور رضا الحسن نے 50 رنز کے عوض چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ کاشف بھٹی نے میچ میں 9جبکہ رضاالحسن نے 7 وکٹیں لیں ۔ ناردرن کی جانب سے سرمد بھٹی نے 31،عمر امین نے 29 اور محمد نواز نے 27 رنز بنائے ۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 203 جبکہ بلوچستان نے پہلی اننگز میں 372 رنز اسکور کیے تھے ۔ اسی طرح اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف 370رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کھونے کے بعد 61رنز بنا لیے ہیں ۔ زین عباس 28 اور عمران رفیق 26 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ عمر صدیق کو میر حمز ہ نے 7 رنز پر آئوٹ کیا ۔ اس سے قبل سندھ نے تیسرے روز 80 رنز بغیر کسی نقصان کے دوسری اننگز کے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا اور 369 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 399 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلئیر کر دی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے عامر یامین نے 2 وکٹیں لیں ۔سندھ نے پہلی اننگز میں 217 جبکہ سدرن پنجاب نے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 247رنز بنائے تھے۔
