انجری مسائل سے دوچار پاکستان ٹیم کو ایک اور دھچکا لگ گیا، کپتان بابراعظم کے بعد شاداب خان بھی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
شاداب خان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئےانہیں بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت ہےاور بولر کا ایم آر آئی اسکین جمعرات کو ہوگا۔
پی سی بی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شاداب خان پہلے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے اور ایم آر آئی رپورٹ آنے پر انجری کی اصل نوعیت سامنے آئے گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ظفر گوہر بطور متبادل اسپنر قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں ، ظفر گوہر نے قومی اسکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے وہ پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ میں پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں ہوگا۔ پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹرز بھی وانگرائے سے بذریعہ ہملٹن ترنگا پہنچ گئے۔
پاکستان شاہینز کو پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 27 دسمبر کو ناردرن نائٹس کے خلاف ہملٹن میں کھیلنا ہے۔ ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا حصہ محمد حفیظ اور عماد وسیم قومی اسکواڈ سے الگ ہوگئے۔

