دبئی (جسارت نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی، قومی فاسٹ بولرز فہیم اشرف شاہین آفریدی محمد حفیظ اور محمد رضوان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ٹم سائیفرٹ اور فاسٹ بولر ٹم ساوتھی ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے۔ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری نظر آئی۔ محمد حفیظ 14 درجے ترقی کر کے 33 ویں نمبر پر آ گئے، محمد رضوان کی چھ درجے ترقی کر کے 158 نمبر پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بولرز فہیم اشرف 22 درجے ترقی کر کے 13ویں نمبر جبکہ شاہین آفریدی کیریئر کی بہترین پوزیشن 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ نوجوان فاسٹ باولر حارث روف 67ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سائیفرٹ اور فاسٹ بولر ٹم ساوتھی نے کیریئر کی بہترین ٹاپ ٹین پوزیشن بھی حاصل کی۔ ٹم سائیفرٹ 24درجے ترقی کے ساتھ 9ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ فاسٹ بولر ٹم ساوتھی 13 ویں سے 7ویں پوزیشن پر آ گئے۔ ساوتھی اپنے کیریئر کے دوران تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 10 میں پہنچ چکے ہیں۔ وہ اس وقت ٹیسٹ میں چوتھے اور ون ڈے میچوں میں 9ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان کو 3 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ نیوزی لینڈ نے تین پوائنٹس حاصل کیے لیکن دونوں ٹیمیں اپنی بالترتیب چوتھی اور چھٹی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
