کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہء ثقافت و کھیل، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام منعقدہ کے ایم سی انڈر16انٹر اکیڈمی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے آزاد کرکٹ اکیڈمی کو 149رنز سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 255رنز اسکور کیے۔ علی حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 101رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔شاہد علی نے 77رنز اسکو رکیے۔ جواب میں آزاد کرکٹ اکیڈمی کی پوری ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 22.3اوورز میں 106رنز ہی بنا سکی۔حسنین خان نے 33، محمد معاذ نے 18رنز بنائے۔ظہیر احمد نے 20رنز، علی حسنین نے 7رنزاور اسرار خان نے 4رنز کے عوض دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس طرح یہ میچ کے ایم سی کرکٹ ٹیم نے باآسانی جیت لیا۔مذکورہ ٹورنامنٹ میں شہر کی 12مختلف کرکٹ اکیڈمیز حصہ لے رہی ہیں جن میں معین خان اکیڈمی، پی آئی اے اکیڈمی، آزاد اکیڈمی، سرفراز احمد اکیڈمی، افتخار اکیڈمی، ناظم آباد جیمخانہ اکیڈمی، داؤد اکیڈمی، باب وولمر اکیڈمی، کسٹم اکیڈمی، نیشنل بینک اکیڈمی اور میزبان کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی شامل ہیں۔
