نیوزی لینڈ کے خلاف ماونٹ مونگانوئی میں شروع ہوئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت کی ذمہ داری محمد رضوان کو سونپی گئی۔ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی کرنے والے وہ پاکستان کے33 ویں کپتان بنے۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی اور وکٹ کیپنگ کرنے والے28 سالہ محمد رضوان کو نوٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد پاکستان کی کپتانی کا موقع ملا۔ نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے بابر اعظم کو پاکستان کا کپتان بنایا گیا تھا مگر انکے زخمی ہونے کے بعد ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سریز میں شاداب خان نے پاکستان کی قیادت کی۔ وہ بھی آخری ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میںزخمی ہوگئے جس کے بعد محمد رضوان کو پاکستان کی کپتانی کا موقع دیا گیا۔محمد رضوان نے نوٹیسٹ میچوں کے علاوہ35 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں اور26 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی ہے مگر اس سے پہلے انہوں نے کسی بین الاقوامی میچ میں پاکستان کی قیادت نہیں کی۔
محمد رضوان ٹیسٹ کر کٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے چھٹے وکٹ کیپر ہیں۔ معین خان اور سرفراز احمد کو مشترکہ طور سب سے زیادہ زیادہ ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے13۔13 ٹیسٹمیچوں میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔
معین خان اور سرفراز احمد دونوں نے پاکستان کو چار چار ٹیسٹمیچوں جیت دلائی ہے۔ معین خان کو دو ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی ہے جبکہ سرفراز احمدکو آٹھ ٹیسٹ میچوں میں ہار ہوئی ہے۔ معین خان کی کپتانی میں پاکستان کے سات ٹیسٹ برابر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کی قیادت میں ایک ٹیسٹ ڈرا ہوا ہے۔
وسیم باری اور راشد لطیف نے چھ چھ ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔ راشد لطیف نے پاکستان کو چار ٹیسٹ میچوں میں جیت دلائی ہے جبکہ وسیم باری کسی بھی ٹیسٹ میں جیت حاصل نہیں کرسکے۔راشد لطیف کو ایک ٹیسٹ میں شکست ہوئی جبکہ وسیم باری کی قیادت میں پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں میں ہار ہوئی ہے۔ راشد لطیف کی قیادت میں پاکستان کا ایک ٹیسٹ برابر رہا تھا جبکہ وسیم باری کی قیادت میں پاکستان کے چار ٹیسٹ برابر رہے تھے۔
پاکستان کی قیادت کرنے والے پہلے وکٹ کیپرامتیاز احمد تھے جنہوں نے لاہور میں آسڑیلیا کے خلاف نومبر 1959 میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔اس میچ میں پاکستان کو سات وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔انہوں نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں میں بھی پاکستان کی قیادت کی تھی۔ ان کو دو ٹیسٹ میچوں میں ہار ملی تھی جبکہ دوٹیسٹ میچ برابر رہے تھے۔
سب سے زیاد ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کرنے والے کپتان مصباع الحق ہیں۔ انہوں نے 2010 اور2017 میں کے درمیان 56 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی ۔اس میں26 ٹیسٹ میچوں میں جیت ملی اور19 میں ہار ہوئی۔ انکی قیادت میں 11 ٹیسٹ برابر رہے۔مصباع الحق پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان بھی ہیں۔دوسرا مقام مشتر کہ طور پر عمران خان اور جاوید میاں داد کے پا س ہے۔ دونوں نے14۔14 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کو جیت دلائی تھی۔
