English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کیلئے بری خبر

کراچی میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے لیے بری خبر ہے کہ اب کراچی ٹریفک پولیس الکوحل بریتھ ٹیسٹر کی خریداری کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے اخبارات میں ٹینڈر دیا جا چکا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک آفس کراچی میں انتظامی اُمور کی ڈیوٹی پر تعینات ڈی ایس پی سعید آرائیں کے مطابق کراچی میں گاڑیوں کے بیشتر حادثات شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کی وجہ سے پیش آتے ہیں جس سے کافی جانی نقصان ہوتا ہے۔

ڈی ایس پی سعید آرائیں کے مطابق اس آلے کو پہلے مرحلے میں کراچی میں شراب پی کر گاڑی چلانے والوں پر استعمال کیا جائے گا جس کے لیے 90 الکوحل ٹیسٹر کٹس منگوانے کی تیاری کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینڈر ملنے کے بعد ٹریفک پولیس کو الکوحل ٹیسٹر مشین کا سمپل مل گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی پرچیز کمیٹی کی جانب سے یہ آلہ خریدنے کی منظوری ملنے کے بعد معیار پر پورا اترنے والی کمپنی کو آرڈر دے دیا جائے گا۔

نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والے افراد کا موقع پر ہی چالان کیا جاسکے گا مشین کی فوری رپورٹ آنے پر ایسے افراد کی گرفتاری بھی ممکن ہوسکے گی۔

اس سے قبل شراب پینے والے افراد کو گرفتاری کے بعد طبی معائنہ کے لیے سرکاری اسپتالوں میں لے جایا جاتا ہے جہاں میڈیکو لیگل آفیسر پرانے طریقہ کار کے مطابق ایسے افراد کے ٹیسٹ کرتے ہیں۔ عام طور پر یہ طریقہ کار شفاف نہیں ہوتا بلکہ ڈاکٹرز یا پولیس ایسے پکڑے گئے افراد سے مبینہ طور پر جوڑ توڑ کرکے میڈیکل رپورٹس منفی بنوا دیتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق الکوحل استعمال کرنے کے چند گھنٹے بعد ٹیسٹ لیا جائے تو رپورٹ منفی آتی ہے۔ پکڑے گئے افراد سے جوڑ توڑ کے بعد پولیس یا اسپتال کے ڈاکٹر تاخیری حربے استعمال کرکے ایسی رپورٹس بناتے دیکھے جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے