English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی وباء کے پھیلائو کے باوجود ہم نے کرکٹ کی سرگرمیوں کو جاری رکھا،احسان مانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی پوڈکاسٹ کی خصوصی قسط جاری کردی۔ اس قسط میں کوویڈ 19 کے سبب 2020 ء کے دوران درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ 2020 ء میں، پاکستان کرکٹ ٹیم نے 5 ٹیسٹ، 3ایک روزہ اور12ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی، پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے گئے، 30ستمبر سے اب تک ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے 186 میچز مکمل ہوچکے ۔ ایک ایسے موقع پر کہ جب کوویڈ 19 کی وجہ سے دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں تعطل کا شکار تھیں، تو اس وقت پی سی بی نہ صرف اپنے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا 70فیصد مکمل طور پر انعقاد کرچکا ہے بلکہ اس عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ اور نیوزی کا دورہ بھی کیا، اس دوران زمبابوے کرکٹ ٹیم بھی پاکستان آئی۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے تعاون کے بغیر ہمارے لیے یہ سب کرنا ناممکن تھا، انہوں نے اپنے اہلخانہ اور دوستوں سے بڑھ کر کھیل اور پاکستان کو فوقیت دی، لہٰذا میں اس موقع پر نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ان کی فیملیز کا بھی بہت مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں کامیابی اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کو ڈرا کرنا چاہیے تھا تاہم سال 2020 میں کھیلے گئے پانچوں ٹیسٹ میچوں میں ہمارے ٹیم کی کارکردگی میں نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی ایک مثبت پہلو بن کر سامنے آئی۔احسان مانی نے کہا کہ سال 2021 میں ہمیں تقریباً 10 دو طرفہ سیریز اور ایک گلوبل ایونٹ میں شرکت کرنی ہے، اس دوران ہمیں معیاری اور بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی منیجمنٹ میں مصباح الحق، وقار یونس اور یونس خان جیسے شاندار اور تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، امید ہے کہ ان کی موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے