کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی سی بی ایوارڈز 2020 کے لیے نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی ۔ ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان آج پی سی بی کے ڈیجٹل پلیٹ فارمز سے کیا جائے گا۔معزز اور کرکٹ کی ممتاز شخصیات پر مشتمل آزادجیوری نے12 مختلف کٹیگریز کے لیے نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی ۔ ان12میں سے10 کٹیگریزکھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی سے متعلق ہیں۔اس دوران جیوری نے کھلاڑیوں کی کارکردگی، حریف ٹیم، اس پرفارمنس سے میچ پر مرتب اثرات سمیت کئی پہلوؤں کو پیش نظر رکھا۔پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ، ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ محمد حفیظ اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو3 مختلف کٹیگریز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ، حارث رؤف، محمد رضوان، نسیم شاہ اور شان مسعودکو دو مختلف کٹیگریز میں شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو وائیٹ بال کرکٹر آف دی ائیر، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگریزکے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں، محمد حفیظ سال کی بہترین انفرادی کارکردگی ، وائیٹ بال کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف مینز انٹرنیشنل ایمرجنگ کرکٹر اور وائیٹ بال کرکٹر آف دی ائیر کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان کو ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور سال کے سب سے قابل قدر کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کا نام مینز انٹرنیشنل ایمرجنگ کٹیگری آف دی ایئر اور سال کی بہترین انفرادی کا رکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ شان مسعود کو سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔محمد حفیظ(انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز)کے علاوہ، نسیم شاہ (بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک) ، شان مسعود (انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 156 رنز کی اننگز) اور فواد عالم (نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 102 رنز کی اننگز) کو سال کی بہترین انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کی کٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کے لیے حسن علی، کامران غلام، سعود شکیل اور زاہد محمود کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔محمد حریرہ، مبصر خان، روحیل نذیر اور قاسم اکرم کو مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ائیرکے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یکم اگست 1999کو یا بعد میں پیدا ہونے والے وہ کھلاڑی جو اب تک پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل نہیں کرسکے، انہیں اس کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔اسپرٹ آف دی کرکٹ اور کارپوریٹ اچیوومنٹ ایوارڈ کی نامزدگیاں بھی آزاد جیوری نے ہی فائنل کیں تاہم 4 امپائرز کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرنے کے لیے میچ ریفریز اور6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون ٹیموں کے ہیڈ کوچز کی تجاویز لی گئیں۔ ان 4 امپائرز میں احسن رضا، آصف یعقوب، غفار کاظمی اور شوزب رضا شامل ہیں۔
