کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی ) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کا فائنل میچ دلچسپ اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، دفاعی چیمپئین سینٹرل پنجاب کو جیت کے لیے مزید 216 رنز درکار ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کو8 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ فائنل کے 5ویں اور آخری روز سینٹرل پنجاب کو اعزاز کے دفاع کے لیے 216 رنز مزید درکار ہیں اور اس کی8 وکٹیں باقی ہیں ۔ خیبر پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 356 رنز کا ہدف دیا ہے۔ چوتھے روز پیرکو کھیل کے اختتام پر سینٹرل ل پنجاب نے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنا ئے ہیں ۔ عثمان صلاح الدین 51 رنزاور محمد سعد 27 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں ۔ محمد اخلاق 48 اور علی زریاب 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ارشد اقبال اور ساجد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا نے فائنل کے چوتھے روز 243 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور سینٹرل پنجاب کے خلاف 355 رنز کی برتری حاصل کر کے آل آئوٹ ہو گئی ۔ تیسرے روز کے 104 رنز پر ناٹ آئوٹ بیٹسمین کامران غلام 4 رنز کے اضافے کے بعد 108 رنز پر آئوٹ ہو گئے ۔ دوسرے روز ناٹ آئوٹ بیٹسمین خالد عثمان نے نصف سنچری مکمل کی، وہ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ ساجد خان نے 8 ، ثمین گل نے 5 ، ارشد اقبال نے 2 رنز بنائے جبکہ عرفان اللہ شاہ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے ۔ سینٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 77 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ۔ بلاول اقبال نے 2 جبکہ حسن علی اور قاسم اکرم نے ایک، ایک وکٹ لی ۔ خیبر پختونخوا نے پہلی اننگز میں 300 رنز بنائے تھے جبکہ سینٹرل پنجاب نے پہلی اننگز 257 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلئیر کر دی تھی ۔

