کراچی(اسٹاف رپورٹر/اے پی پی)قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میں ریڈ بال کرکٹ کے اعلی کوالٹی کے میچز مکمل ہونے کے بعد اب 33 میچز پر مشتمل وائٹ بال کرکٹ ٹورنا منٹ پاکستان کپ آج سے ڈبل لیگ کی بنیاد پر کراچی کے تین وینیوز این بی پی اسپورٹس کمپلیکس ، اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم اور یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا ۔ اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم 29 اور 30 جنوری کو سیمی فائنلز اور 31 جنوری کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔ بال بائی بال ڈومیسٹک کرکٹ ایکشن کو فینز تک براہ راست پہنچانے کی پالیسی کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کپ کے 10 گروپ اور 3 ناک آئوٹ میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر پاکستان میں براہ راست نشر کیے جائیں گے جبکہ پی سی بی یو ٹیوب چینل پر دنیا بھر میں لائیو اسٹریم کیا جائے گا ۔ 26 جنوری سے پاکستان اور سائوتھ افریقا کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان کپ کے میچز پی ٹی وی نیشنل پر منتقل ہو جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں تقریبا 10 ملین روپے کی پرائز منی رکھی گئی ہے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 5 ملین روپے ملیں گے جبکہ رنرز اپ کو 2.5 ملین روپے دیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے بہترین پرفارمرز بشمول پلئیر آف دی ٹورنامنٹ ، بہترین بیٹسمین ، بہترین بولر اور بہترین وکٹ کیپر کے درمیان ایک ملین روپے کی رقم یکساں تقسیم کی جائے گی جبکہ 8 لاکھ روپے کی رقم گروپ اور دونوں سیمی فائنل کے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والوں میں تقسیم کی جائے گی، پلئیر آف دی فائنل کو35 ہزار روپے ملیں گے۔علاوہ ازیں 6 ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے 16 رکنی اسکواڈز کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ اسکواڈز میں نوجوان کرکٹرز کو موقع فراہم کیا گیاہے۔جنہوں نے 2020-21میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
