جوہانسبرگ(جسارت نیوز)جنوبی افریقا نے پاکستان کیلئے 21رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک سیریز میں کپتانی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ اسکواڈ میں فاف ڈوپلیسی، رباڈا، ڈین ایلگر اور تبریز شمسی سمیت دیگر شامل ہیں۔جنوبی افریقا کی ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں پر مشتمل 27رکنی دستہ پاکستان آئے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے افریقی کرکٹ ٹیم کو بذریعہ برطانیہ آنے کی اجازت دے دی ہے جس کا سی اے اے کے شبعہ ایر ٹرانسپورٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ کے پاکستان پہنچے پرکورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور پاکستان آمد پر کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں بھی رکھا جائے گا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26جنوری کو کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 4فروری سے شروع ہوگا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3ٹی ٹوینٹی میچز لاہور میں شیڈول ہیں جو ٹیسٹ سیریز کے بعد کھیلے جائیں گے۔

