English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سڈنی ٹیسٹ کمنز کی تباہ کن بولنگ ، بھارتی ٹیم 244 رنز تک محدود

سڈنی: آسٹریلوی بولر پیٹ کمنز کا وکٹ لینے کے بعد پرجوش انداز

سڈنی (جسارت نیوز):سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو پہلی اننگز میں 244 رنز پر آئوٹ کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لئے شبھمان گل اور پوجارا نے ففٹیاں اسکور کیں پیٹ کمنز نے 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کو 197 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ ہفتہ کو سڈنی میں کھیلے جارہے بھارت اور آسٹریلیا کے مابین تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارت نے 96 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا بھارت کا کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ شبھمان گل اور چتیشور پجارا 50 ،50 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ کپتان اجنکیا راہانے صرف 22 رنز ہی بنا سکے اور پیٹ کمنز کا شکار بنے۔ رشبھ پانٹ 36 اور رویندرا جدیجا 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ تیسرے ٹیسٹ میچ میں واپسی کرنے والے اوپننگ بلے باز روہت شرما لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 26 رنز ہی بنا کر آوٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کے تیز باولرز نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں پر حاوی رہے۔ پیٹ کمنز نے 4 وکٹیں حاصل کیں جوش ہیزل ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارت کے 3بلے باز رن آئوٹ ہوئے۔ اس طرح بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 244رنز پر ہی آئوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا نے 94 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ ڈیوڈ وارنر اور ول پوکوسکی بالترتیب 13 اور 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد مارنس لبھوشانگھے اور اسٹیوا سمتھ نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی۔ لبھوشانگھے 47 اور اسٹیو اسمتھ 29 رنز بنا کر ابھی وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد سراج اور ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے۔ آسٹریلیا کو مجموعی طور پر 197 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ اس کی ابھی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔ واضح رہے آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 338 رنز بنائے تھے۔ سابق کپتان اسٹیو اسمتھ 131رنز بنائے اور مارنس لبھوشانگھے نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے جبکہ بھارتی بولر جدیجا نے چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے