کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان نے اپنے حلقے این اے 243 میں واقع پلے گرائونڈ پر قبضے کو چھڑا کر کرکٹ گرائونڈ بنانے کا اعلان کردیا۔ عالمگیر خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران کے سابقہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے، ہم نے ان اسکیم کا تعین کیا جس پر کام نہیں ہو رہا تھا، رفاعی پلاٹ جو کھیل کے لئے مختص تھا اس پر ٹینکر مافیا نے قبضہ کیا ہوا تھا، میں واحد ایم این اے ہوں جو پانی اور سیوریج پر آواز اٹھانے پر جیل گیا، کراچی والا ہونے کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر ا ن کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج اور دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی موجود تھے۔ عالمگیر خان نے کہاکہ ٹینکر مافیا نے ہمارے خلاف مہم چلائی، ٹینکر مافیا نے ہم پر بھتہ لینے کا الزام لگایا۔ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے، جہاں اختیارات نہیں ہوتے وہاں ہم لڑتے ہیں، ایم این اے کا کام قومی اسمبلی میں قانون سازی کرنا ہے لیکن جو کام صوبائی حکومت کو کرنے چاہئیں وہ بھی ہم کررہے ہیں۔ عالمگیر خان نے مزید کہا کہ حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے 15 کروڑکی رقم ناکافی ہے، ہم اپیل کرتے ہیں کہ مذید فنڈ دیئے جائیں تاکہ بہتر طریقے سے کام ہوسکے۔ رکن صوبائی اسمبلی ارسلان تاج نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ہم نے وعدہ کیا تھا کہ اس گراؤنڈ کو بحال کریں گے، سیاسی جماعتیں ہمیشہ قبضہ کراتی ہیں لیکن ہم نے بحال کرایا، سرکاری جگہ پر ہم قبضہ ہونے نہیں دیں گے ،سرکاری زمینوں کو واگزار کرایا جا رہا ہے۔
