اسلام آباد (جسارت نیوز) وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز کے پاکستان میں انعقاد کیلئے انتظامات کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ساؤتھ ایشین گیمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سمیت اسپورٹس بورڈ کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم نے آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز کے پاکستان میں انعقاد کیلئے انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے ا سٹیئرنگ کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو گیمز کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہترین ہے، کسی ملک کو پاکستان میں آکر کھیلنے میں مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد کیلئے گرائونڈز سمیت تمام انفرااسٹرکچر بہتر کیا جائے جب کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے 1989ء اور 2004ء میں بھی سائوتھ ایشین گیمز کی میزبانی کی تھی۔ پاکستان نے اب تک ہونے والی 13 سائوتھ ایشین گیمز میں مجموعی طور پر 360 سونے، 458 چاندی اور 457 کانسی کے تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔

