English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

محمد عامر موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ نہ کھیلنے کے فیصلے پر قائم

لاہور: فاسٹ باؤلر محمد عامر پاکستان کرکٹ ٹیم کی موجودہ انتظامیہ کے ساتھ معاملات طے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب بھی اپنے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ وہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر مایوسی کا شکار ہو کر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد عامر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ بورڈ یا کرکٹ سے بڑا نہیں ہوں لیکن میں اس مینجمنٹ اور اس کی ذہنیت کے ساتھ کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے اور ہر کھلاڑی اس کی تائید کرے گا کہ کوئی بھی کھلاڑی اس وقت تک اپنی پوری کارکردگی نہیں دکھاسکتا جب تک کہ وہ ڈریسنگ روم سے لطف اندوز نہ ہو، معیار سے کمتر کارکردگی کے نتیجے میں کھلاڑی کے آس پاس کے لوگوں کو اس سے بہتر فائدہ اٹھانے کے لیے اس کی ہمت بندھانی پڑتی ہے لیکن اس مینجمنٹ کا معاملہ ایسا نہیں ہے کیونکہ ایک بری اننگز کے فوراً بعد ہی تنقید شروع ہوجاتی ہے، میں اس ذہنیت کے ساتھ نہیں کھیل سکتا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے کہا تھا کہ انہوں نے 2016 میں عامر کے معاملے کی حمایت کی تھی تو فاسٹ باؤلر نے کہا کہ وہ صرف اتنا جانتے ہیں کہ سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی اور لالہ (شاہد آفریدی) نے ان کی حمایت کی تھی۔

محمد عامر نے مزید کہا کہ اگر کسی نے بند دروازوں کے پیچھے میری مدد کی ہے تو میں اس بارے میں نہیں جانتا۔

انہوں نے کہا کہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ مصباح اور وقار کو مجھ سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں لیکن میں جانتا ہوں کہ ذاتی کیا ہے اور آہستہ آہستہ مجھے کس طرح سے ٹیم سے باہر کیا گیا۔

عامر نے کہا کہ وہ پی سی بی پر زور نہیں دے رہے ہیں کہ وہ کسی کو بھی ملازمت سے برطرف کرے کیونکہ یہ بورڈ پر منحصر ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ ایک اچھا کرکٹر ایک اچھا کوچ بھی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں خود ہی باؤلنگ کرسکتا ہوں اور شاید بہترین باؤلنگ کروں لیکن اگر کوئی مجھ سے دوسروں کی کوچنگ کرنے کو کہے تو میں یہ نہیں کرسکتا۔

جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کیلیے 20 رکنی قومی ٹیم کا اعلان

جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا خوشی ہے کہ ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم سے شاداب خان اور نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کے باعث ڈارپ کیا گیا ہے جبکہ شان مسعود، حارث سہیل اور محمد عباس کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا سہیل خان پلان کا حصہ ہیں لیکن اس وقت ٹیم میں ان کی جگہ نہیں بن رہی جبکہ فاسٹ بولر حسن علی نے اچھا کم بیک کیا اور کارکردگی دکھائی اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعود شکیل ہر لیول پر پرفارمنس دیکر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

قومی اسکواڈ

قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سرفراز احمد، فہیم اشرف، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، عبد اللہ شفیق، آغا سلیمان، سعود شکیل، کامران غلام، ساجد خان، تابش خان، حارث رؤف، ایم نواز، نعمان علی اور حسن علی شامل ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہو گا۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے