کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ا سکواڈ میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر تابش خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب ہونا اعزاز کی بات ہے، موقع ملا تو اپنی کارکردگی سے مایوس نہیں کروں گا۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے تابش خان نے کہا کہ 135 سے140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرواسکتا ہوں۔ اپنی کارکردگی سے مایوس نہیں کروں گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں 598 وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے پر اپنی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا۔ ٹیم میں شامل ہونے کا خواب پورا ہوگیا۔ تابش خان نے کہا کہ ٹیم میں نام آنے پر مجھے یقین نہیں آیا، میری والدہ بھی نا امید تھیں اور کہتی تھیں کہ ٹیسٹ ٹیم میں نام نہیں آئے گا تاہم جیسے ہی قومی ٹیم میں میرا نام آیا تو والدہ سجدے میں گرگئیں۔کراچی میں بہت کرکٹ کھیلی ، پچ اور کنڈیشنز کا تجربہ ہے، اپنے ہی شہر میں کھیلنے کا موقع ملنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔

