English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہمارے لیے ہوم سیریز جیتنا بہت ضروری ہے، اظہر علی

قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان اظہر علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اٹھانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ہوم سیریز جیتنا بہت ضروری ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کے دوران صحافیوں سے آن لائن گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ ‘بڑی خوشی کی بات ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم آئی ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی ایک بڑی ٹیم بڑے عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے تو بڑی خوشی کی بات ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہر ٹیم کی خواہش ہوتی ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلیں اب ہمیں مواقع مل رہے ہیں جو پاکستان کرکٹ کے لیے نیک شگون ہے اور جو نئے کھلاڑی آرہے ہیں ان کے لیے اچھی بات ہے’۔

انہوں نے کہا کہ جن کو بھی ہوم گراؤنڈ میں کھیلنے کا موقع ملے گا انہیں فائدہ ہوگا اور کارکردگی دکھانے کے بھی اچھے مواقع ہوں گے اور امید ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے۔

اظہر علی نے کہا کہ ابھی پریکٹس کے اچھے سیشن رہے ہیں اور تیاری اچھی ہو رہی ہے۔

بیٹنگ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں ہر اننگز میں تقریباً ایک کھلاڑی نے سنچری کی ہے، آسٹریلیا، انگلینڈ یا نیوزی لینڈ کی وکٹ ایشیائی بلے بازوں کے لیے مشکل ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ہم بہتر کر سکتے تھے لیکن بدقسمتی سے ہم نہیں کر سکے اور اب بھی مجھے اپنے بلے بازوں پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بابر بھی واپس آگیا ہے اور بھروسہ ہے کہ ٹیم اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے، خاص کر ان کی باؤلنگ مضبوط ہے، ان کے پاس فاسٹ اور اسپِن باؤلرز ہیں جو تجربہ کار بھی ہیں اور ہمیں ان کے خلاف اچھی منصوبہ بندی کرنی پڑے گی۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ ان کی باؤلنگ میں تمام چیزیں موجود ہیں اس لیے ہماری بیٹنگ کو اس چیلنج کو لے کر اتنے رنز کرنا ہے کہ ہمارے باؤلرز اس کا دفاع کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کوچز مل کر کام کر رہے ہیں اور ہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور جہاں پریکٹس کر رہے ہیں وہاں ٹیسٹ میچ کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔

ہوم گراؤنڈ کے دباؤ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھائیں اور ہوم گراؤنڈ کا بھی دباؤ ہوتا ہے کیونکہ ہر کسی کی توقعات ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بہت ضروری ہے کہ ہوم سیریز جیتیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4 سے 8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

جنوبی افریقہ نے اس سے قبل 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور کراچی ٹیسٹ میں 160 رنز سے کامیابی سمیٹ کر سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کر لی تھی۔

پاکستان نے 2010 اور 2013 میں دو مرتبہ متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 1995 سے اب تک کُل 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے جنوبی افریقہ نے 7 میں فتح حاصل کی جبکہ پاکستان اب تک صرف ایک سیریز جیتنے میں کامیاب رہا جو 2003 میں کھیلی گئی تھی۔

پہلا ٹیسٹ میچ: کراچی پولیس نے ٹریفک پلان جاری کردیا

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا — فائل فوٹو / اے پی

ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے ایام کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔

ٹریفک پولیس اعلامیے کے مطابق میچ کے دنوں میں یعنی 26 سے 30 جنوری تک صبح 9 سے شام 6 بجے تک مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم کی طرف آنے جانے والی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک مکمل بند رہے گی۔

کارساز

شاہراہ فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب سر شاہ سلیمان روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، لہٰذا یہ راستہ اختیار کرنے والے شہری میچ کے دورانیے میں کارساز، ڈرگ روڈ، شارع فیصل سے راشد منہاس روڈ، ملینیم اور نیپا کی طرف کا راستہ اختیار کر سکتےہیں۔

ملینیم

راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری نیپا، عسکری فور، ڈرگ روڈ سے شاہراہ فیصل یا ملینیم، نیپا سے صفورا یا گلشن چورنگی سے سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پلان

حسن اسکوائر فلائی اوور

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کے لیے بند رہے گی، تمام ٹریفک یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرکے منزل کی طرف جا سکے گی۔

نیو ٹاؤن

یونیورسٹی روڈ سے نیو ٹاؤن ٹرننگ اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری جیل چورنگی سے شہید ملت یا پی پی چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

اسی طرح آغا خان ہسپتال، لیاقت نیشنل ہسپتال اور اطراف کے علاقے کے رہائشی شہری بھی نیو ٹاؤن تھانے کی طرف سے راستہ اختیار کر سکیں گے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا کہ سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم اور ملینیم سے نیو ٹاؤن ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کے دورے پر پہنچی تھی اور مہمان اسکواڈ کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور مکمل سیکیورٹی میں ہوٹل تک پہنچایا گیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 جنوری تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 4 سے 8 فروری تک راولپنڈی کرے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11، 13 اور 14 فروری کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے