لندن(جسارت نیوز) فاسٹ بولرز سے ایک اور اہم ہتھیار چھیننے کی تیاریاں شروع ہوگئیں، ایم سی سی نے بائونسرز پر مکمل پابندی عائد کرنے کیلیے مشاورت شروع کردی، کھلاڑیوں کو انجری سے بچانے کیلیے انتہائی اقدام کا جائزہ لیا جانے لگا۔دوران میچز انجریز کا شکار ہونے والے کرکٹرز کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کا خدشہ کرکٹ حکام کو ستانے لگا ، اسی وجہ سے کھیل کے قوانین کی سرپرست میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی)نے بائونسرز پر ہی مکمل پابندی کیلیے مشاورت شروع کردی۔یہ جائزہ ایسے وقت میں شروع کیا جا رہا ہے جب فٹبال اور رگبی کو سر پر چوٹ سے یادداشت متاثر ہونے والے کھلاڑیوں کی جانب سے ملین پائونڈ ہرجانے کے کیسز کا سامنا ہے۔ کرکٹ میں حالیہ کچھ عرصے میں پلیئرزکو سر کی چوٹ سے بچانے کیلیے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
، مضبوط ہیملٹ تیار کی گئے، سر پر چوٹ کی وجہ سے فوری طور پر معائنے اور ڈاکٹرزکی ہدایت کے مطابق متاثرہ کھلاڑی کو کھیل جاری رکھنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا جاتا ہے، جب تک سر پر چوٹ کے اثرات رہتے ہیں پلیئر کی میدان میں واپسی نہیں ہوتی، کرکٹ میں تمام پروفیشنل لیول پر سر پر چوٹ کے متبادل پلیئرکو میدان میں اتارنے کا قانون نافذ اور اس پر عملدرآمد بھی ہورہا ہے۔اس کے باوجود کرکٹ حکام کو شارٹ گیند کی وجہ سے بیٹسمینوں کے انجرڈ ہونے کا خدشہ ستاتا رہا ہے، اسی وجہ سے بائونسرز پر مکمل طور پر پابندی کے حوالے سے مشاورت شروع ہوچکی ہے، اگرچہ یہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے مگر اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے۔ بائونسرز فاسٹ بولرز کا اہم ہتھیار ہیں، اس پر پابندی سے ان کی اہمیت مزید کم ہوسکتی ہے، اس وجہ سے حکام کیلیے اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوگا۔
