لاہور میں احتجاج کرنے والے طلبہ پر پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے مبینہ لاٹھی چارج سے متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔
پروگریسو اسٹوڈنٹس کولیکٹیو (پی ایس سی) کے مطابق ان کے لاہور کے صدر زبیر صدیقی کو پولیس نے یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) سے گرفتار کر لیا ہے جو مظاہرے کی قیادت کر رہے تھے۔
پی ایس سی نے بعد ازاں ٹوئٹ میں کہا کہ زبیر صدیقی اور دیگر طلبہ مبینہ طور پر پولیس کے لاٹھی چارج سے شدید زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘پنجاب پولیس کی غنڈہ گردی کے خلاف احتجاج کے لیے طلبہ یو ایم ٹی کے باہر جمع ہو رہے تھے کہ ان پر لاٹھی چارج کیا گیا’۔
Students are gathering outside UMT to protest against Ghunda Gardi of Punjab Police which baton charged students. Some students including president @PSCLahore @ZubairSiddiuqui are critically injured and have been taken to ICU #PoliceAttackedStudents #StudentsKoInsafDo pic.twitter.com/uKNRVkcFlf
— Progressive Students’ Collective (@PSCollective_) January 25, 2021
پولیس نے لاٹھی چارج کی خبروں کو مسترد کردیا۔
ایس پی صدر ڈویژن آپریشنز حفیظ الرحمٰن بگٹی نے کہا کہ ‘پولیس نے کسی طالب علم پر تشدد نہیں کیا اور نہ ہی تشدد کریں گے’۔
ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے اور احتجاج کرنے والے طلبہ کو کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ سے مذاکرات کریں۔
یو ایم ٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘جامعہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے جاری کردہ احکامات پر عمل کرنے کی پابند ہے’۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ماضی میں بھی آن لائن امتحانات لے چکی ہے اور اسی طرح امتحانات اور کلاسز کے لیے ایچ ای سی کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد ہو گا۔
دوسری جانب سماجی کارکن عمار علی جان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ‘تمام حدود’ پار کرلی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ‘ایک سال سے زیادہ ہوگیا ہے کہ فاشسٹ حکومت طلبہ کو دھمکا رہی ہے، گرفتار اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے لیکن آج پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر بدترین حملہ کرکے تمام حدود پار کرلی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اب حکومت کو طلبہ تحریک کی بھرپور قوت کا سامنا کرنا پڑے گا’۔
دوسری جانب طلبہ کا احتجاج بدستور جاری ہے۔
Despite being baton charged and facing police brutality earlier today, students are continuing their protest outside UMT in Lahore pic.twitter.com/M2q5Sfckpe
— Aima Khosa (@aimaMK) January 25, 2021
گورنر ہاؤس کے باہراحتجاج
سرکاری اور نجی جامعات کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے گزشتہ ہفتے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ براہ راست امتحانات لیے جائیں، اسی طرح ایوان اقبال کے باہر بھی طلبہ نے جامعات کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
طلبہ کا کہا تھا کہ یونیورسٹی نے کورونا وبا کی وجہ سے آن لائن کلاسیں لی تھیں کیونکہ تعلیمی ادارے بند تھے لیکن یونیورسٹی نے مختلف کورسز کا سلیبس مکمل نہیں کیا اور اب انتظامیہ امتحانات کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعات نے ہوسٹل بند کر دیے اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے طلبہ کو رہنے کے لیے جگہ نہیں ہے اور ایسے حالات میں وہ کیسے تیاری کریں اور امتحان میں شریک ہوں گے۔
فیس کے معاملے پر طلبہ کا کہنا تھا کہ نجی جامعات نے لاکھوں فیس وصول کی ہے اور سلیبس بھی مکمل نہیں کیا اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ جامعات کو مزید فیس لینے سے روکا جائے اور ان کے پاس مزید فیس دینے کی حیثیت بھی نہیں ہے۔
بعد ازاں طلبہ نے گورنر ہاؤس کے عملے کو اپنے مطالبات پیش کیے اور ان کی جانب سے براہ راست امتحانات کی منسوخی کی یقین دہانی پر مطالبات پیش کیے۔
اس سے قبل پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچی تھی اور طلبہ کو احتجاج ختم کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ورنہ ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
منبع: ڈان نیوز
