English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پہلا ٹیسٹ: فواد اور اظہر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، پاکستان کی پوزیشن مستحکم

القمر

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن فواد عالم اور اظہر علی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 33 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔

دن کے آغاز میں فواد عالم اور اظہر علی دونوں نے محتاط انداز اپنایا اور ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

پہلے سیشن کے دوران جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

91 کے مجموعی اسکور پر کیشپ مہاراج کی باؤلنگ پر گیند فواد عالم کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی لیکن ڈین ایلگر کیچ لینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے مہمان ٹیم کو کوئی موقع نہ دیا اور پہلے سیشن میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب میچ کے دوسرے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے تھے، فواد عالم 39 اور اظہر علی 38 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کو جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 116 رنز درکار ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ڈین ایلگر 58 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے جبکہ جیارج لنڈے نے 35 اور فاف ڈیو پلیسی نے 23 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر 33رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

آؤت ہونے والے بلے بازوں میں پہلا میچ کھیلنے والے عمران بٹ، عابد علی، کپتان بابر اعظم اور نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے جس میں وہ دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

جنوبی افریقہ: کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، ڈین ایلگر، ایڈن مرکرم، فاف ڈیو پلیسی، راسی وین ڈر ڈوسن، ٹیمبا باووما، جیورج لنڈے، کیشپ مہاراج، کگیسو ربادا، اینرچ نورجے اور لنگی نگیدی

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، نعمان علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے