کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔فاتح ٹیم نے ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں فرسٹ الیون کے تینوں ٹائٹل جیت لیے۔ کے پی کی ٹیم اس سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم ٹرافی کی بھی جوائنٹ ونر قرار پائی تھی۔پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے 240 رنز کا مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 102 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عامر عظمت اور افتخار احمد بالترتیب 45 اور 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔سینٹرل پنجاب کے قاسم اکرم، عثمان قادر اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر طیب طاہر 67 جبکہ قاسم اکرم 50 اور رضا علی ڈار 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خیبر پختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی نے 39 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ بولرز محمد عمران نے 3 اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے پر آصف آفریدی کو مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔بائیں ہاتھ کے اسپنر ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ بھی جیت گئے۔ ناردرن کے آلراؤنڈر حماد اعظم کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قراردیا گیا۔سینٹرل پنجاب کے طیب طاہر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، اور سندھ کے وکٹ کیپر اعظم خان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔

