وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے شہر قائد کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا اسپتال میں کورونا ویکسین مہم کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا ویکسین کی فراہمی اور فرنٹ لائن ورکرز کو سینوفارم ویکسین لگانے کی تقریب سے خطاب دوران کہا کہ چین نے مشکل وقت میں ایک بار پھر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چین کے علاوہ کوئی بھی ملک پاکستان کی مدد کے لیے آگے نہیں بڑھا، ہم چین کے حکومت کے شکرگزار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین نے 5 لاکھ ڈوز دیئے ہیں، سندھ کو کورونا ویکسین کی 83 ہزار ڈوز ملی ہیں، حکومت پاکستان کا شکر گزار ہوں، ڈاکٹرز کو سلام کرتا ہوں، یہ ڈوز ہم فرنٹ لائن ورکرز کو ہی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار ہیلتھ ورکرز ہیں، ان میں ایک لاکھ 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز ہیں، میڈیا ورکرز بھی فرنٹ لائن ہیں، ہیلتھ کیئر اسٹاف ویکسین ترجیح ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ویکسین کے عمل میں پاکستان کا نمبر 80 ہے، ہم سے پہلے 79 ممالک نے ویکیسن کا عمل شروع کر دیا ہے۔

