شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان سپرلیگ سیزن 6 کے لیے محدود تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نےتماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی مشروط اجازت دے دی۔ گروپ میچز کے دوران 20فیصد تماشائی میچ دیکھ سکیں گے۔
ترجمان این سی او سی کا کہنا ہے کہ پلے آف میچز میں تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 7500 شائقین کرکٹ میچ دیکھ سکیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5500 تماشائی لائیو ایکشن دیکھ سکیں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ فینز کرکٹ بورڈ کا اثاثہ ہیں، اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی، محددتعداد میں داخلے کی وجہ سے ہر فین اسٹیڈیم میں نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔
این سی او سی اور پی سی بی مشترکہ طور پرصورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے۔ایونٹ کا آغاز 20 فروری سے ہو گا اور 22 مارچ تک جاری رہے گا۔ میچز کراچی اور لاہور اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

