پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کہا ہے کہ ہمارا سلیکٹڈ وزیراعظم اور مودی ایک پیج پر ہیں۔ مودی نے کشمیر میں اپنے مخالفین کو گرفتار کرایا۔ پاکستان میں اپوزیشن قیادت کو گرفتار کرایا گیا۔ آزاد کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف سیاست کرتے ہیں لیکن مودی جیسی حرکت نہیں کریں گے۔ ہم انسانیت کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کشمیر کے عوام کا آج کا نہیں، 3 نسلوں کا ساتھ ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال بھی جنگ لڑیں گے۔ بی بی شہید نے کہا تھا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے، وہاں ہمارا خون گرے گا۔ ہم آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بات پر کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ ماضی کے وزرائے اعظم نے کشمیر کی آواز دنیا بھر میں پہنچائی۔ آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہو رہی ہے۔ موجودہ وزیر اعظم کے دور میں کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا۔ ہم جانتے ہیں مودی کے مظالم کا جواب کیسے دینا ہے۔ یہ حکومت جواب نہیں دے سکتی۔ مودی کو عوام کا منتخب کردہ وزیراعظم ہی جواب دے سکتا ہے۔ مودی کو ہرانا ہے تو جمہوریت قائم کرنا ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ ہو چکا ہے کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا۔ مارچ کے لیے ملک کے ہر کونے سے عوام نکلیں گے۔ آزاد کشمیر کا قافلہ یہاں سے نکل کر اسلام آباد ضرور جائے گا اور کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے، عمران خان وزیر اعظم نہیں رہے گا۔

