سندھ حکومت نے چین سے کرونا ویکسین کے 2 کروڑ نسخے خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس کا چینی حکام نے خیر مقدمہ کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پچوہو نے کراچی میں چین کے قونصل جنرل سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات چین کے قونصل خانے میں ہوئی جس میں سندھ کے سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر عذرا پچوہو نے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کرونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ویکسین کے 2 کروڑ ڈوز خریدنا چاہتی ہے اور ویکسین کی براہ راست خریداری کی اجازت کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔
وزیر صحت نے چینی قونصل جنرل سے درخواست کی کہ چین سندھ میں طبی سہولیات اور ہیلتھ ٹیکنالوجی میں مدد فراہم کرے۔ چین کو سندھ میں اسپتالیں اور دیگر ضروری ہیلتھ فیسلیٹیشن نیٹ ورک بنانے کی دعوت دیتے ہیں۔ چینی قونصل جنرل نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ سندھ میں ہیلتھ ٹیکنالوجی کی فراہمی میں تعاون کے لیے چینی حکومت سے بات کریں گے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ سندھ کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکلز کو چین کے ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن کی تربیت کے لیے چین بھیجا جائے گا۔

