کراچی(اسٹاف رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کھیلے گئے کشمیر ڈے فیسٹیول کرکٹ میچ میں ابوریحان کرکٹ کلب نے گلشن اسپورٹس کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بیت المکرم گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلشن اسپورٹس نے 19 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر168 رنز بنائے۔ جاوید سینئر نے 42 اور حماد نے 38 رنز اسکورکیے۔محمد کامران نے 4 ، کپتان فراز احمد نے 3 جبکہ احمد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ابوریحان کرکٹ کلب نے محمد رئیس کی شاندار سنچری کی بدولت صرف ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پورا کرلیا۔ محمد رئیس نے صرف 58 گیندوں پر ناقابل شکست 118 رنز جبکہ محمد حماد نے 31 اور مزمل نے 21 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ شعیب نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی ندیم خان نے محمد رئیس کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
