لاہور: تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کےدوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے مہمان ٹیم کے کپتان ہینرک کلاسن نے ٹاس جیتا اور میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی،قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،اور پہلے میچ کا اسکواڈ برقرار رکھا ہے تاہم جنوبی افریقا نے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھاکہ آج پچ بہتر لگ رہی ہے،اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑی اپنا پلان بنا کر کھیلتے ہیں، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو اہم بولر نہیں، نئےلڑکوں کیلئےموقع ہے، موقع پر اہم فیصلے کرنے ہوتے ہیں، غصے پر قابو کرنا ہوتاہے۔بابراعظم نے بتایا کہ میں اور رضوان اوپن کر رہے ہیں۔
میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے،ٹیم میں کپتان بابراعظم ، محمد رضوان ، حیدر علی، افتخار احمد، حسین طلعت ، خوشدل شاہ ، فہیم اشرف، عثمان قادر ،محمد نواز، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ہوم ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو تین رنز سے شکست دیدی تھی۔

