پاکستان سپر لیگ 2021 کے لیے براڈکاسٹ پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ ایونٹ کے دوران معروف قومی اور بین الاقوامی کمنٹیٹرز میدان میں جاری ایکشن پر تبصرہ کریں گے۔
معروف انگلش کمنٹیٹر ایلن ولکنز، ، ڈومنک کارک، پاکستان کے سابق کرکٹرز رمیز راجہ، بازید خان، ثناء میر، عروج ممتاز اور نیوزی لینڈ کےسابق کرکٹرسائمن ڈول لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ممتاز کمنٹیٹر طارق سعید اور سکندر بخت اردو زبان میں کمنٹری کریں گے۔
تاہم نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن اور انگلینڈ کے ڈیوڈ گاور صرف کراچی لیگ میں کمنٹری کے لیے دستیاب ہیں۔ بیس فروری سے شروع ہونے والی کراچی لیگ 7 مارچ تک جاری رہے گی۔
دس مارچ سے 22 مارچ تک جاری رہنے والی لاہور میں جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی اور زمبابوے کے پومی ایمبینگوا بھی کمنٹری پینل جوائن کرلیں گے۔
ایونٹ کی پروڈکشن بلٹزایڈورٹائزنگ ،ٹرانس گروپ اور این ای پی کے اشتراک سے کی جائے گی۔
ایونٹ کی ایچ ڈی کوریج کے دوران 30 سے زائد کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔اس دوران سپر سلو اور آلٹرا موشن کیمروں سمیت اسپائیڈر کیم، بگی کیم ، ہاک آئی اور ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
اس دوران دلچسپ اعداد و شمار کے لیے کرک وِز کا استعمال کیا جائے گا۔ ایونٹ کے دوران ہفتہ وار میگزین شو، ایچ بی ایل پی ایس ایل کہانیاں اور خصوصی فیچرز بھی تیار کیے جائیں گے۔

