کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے لئے ہماری ٹیم متوازن اور اچھے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے’ حسن علی کی شمولیت سے بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے’ ڈرافٹ میں اچھے کھلاڑی ملنے کی وجہ سے ٹیم کا بہترین کمبی نیشن بن گیا ہے’ اپنی گزشتہ غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔ بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب نے ورچوئل میڈیا کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر حسن علی کی شمولیت سے ہمارا بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے، کولن منرو اورکرس جارڈن کی کمی محسوس ہوگی، میری کوشش ہوگی کہ میں ٹاپ آرڈر میں جا کر بیٹنگ کروں’ تاہم ابھی فیصلہ نہیں کیا کہ کس نمبر پر کھیلوں گا۔ میری کوشش ہوگی کہ بطور آل رائونڈر اپنا کردار ادا کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اورفہیم اشرف نے بولنگ کے ساتھ اپنی بیٹنگ میں بہتری پیدا کی ہے اور بطور آل رائونڈر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی کوشش کریں گے ۔ فہیم اشرف کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ شاداب خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے دوران گزشتہ سال کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے اور زیادہ سے زیادہ بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرافٹ میں ہمیں اچھے کھلاڑی ملے ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کا بہترین کمبی نیشن بن گیا ہے۔ شاداب خان نے کہا کہ فٹنس مسائل کے بعد ریکوری کیلئے کھلاڑی کو ذہنی طور پر ہم آہنگ ہونے میں وقت لگتا ہے، اپنی فٹنس کی بحالی کے بعد خود کوذہنی طور پر تیار کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران کسی کھلاڑی پر زیادہ ورک لوڈ نہیں ڈالا جائے گا’ صورتحال کے مطابق ان کو ذمہ داری دی جائے گی۔

