English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ایس ایل 2021: گلیڈی ایٹرز کی شکستوں کا سلسلہ دراز، یونائیٹڈ کی 6 وکٹوں سے فتح

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کو پال اسٹرلنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 17 اوورز میں حاصل کر کے ایونٹ میں تیسری فتح حاصل کرلی۔

قبل ازیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنالیے۔

حسن علی نے گلیڈی ایٹرز کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو حسن علی کے پہلے اوور میں صائم ایوب نے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے لیکن پانچویں گیند پر پال اسٹرلنگ کو کیچ دے دیا۔

کیمرون ڈیلپورٹ اور فاف ڈیوپلیسی نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن 21 کے مجموعے پر فہیم اشرف نے ڈیل پورٹ کو آؤٹ کردیا۔

گلیڈی ایٹرز کو تیسرا اور بڑا دھچکا حسن علی نے پہنچایا جب ڈیوپلیسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف نے 41 کے اسکور پر اعظم خان کو بھی آؤٹ کیا جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔

بین کٹنگ نے کریز پر آتے ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن محمد وسیم کی گیند پر ان کا کیچ بھی گرایا گیا، جس کے بعد انہوں نے ایک چھکا بھی لگایا.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 10 ویں اوور کی پانچویں گیند پر خطرناک ثابت ہونے والے کٹنگ کی وکٹ حاصل کی، کٹنگ نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے.

کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف لے جانے کی جدوجہد جاری رکھی اور 4 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔

سرفراز احمد نے محمد نواز کے ساتھ مل ٹیم کا اسکور 71 رنز سے 134 رنز تک پہنچایا۔

فہیم اشرف نے 54 رنز پر کھیلنے والے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو آؤٹ کردیا، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

زاہد محمود آخری اوور 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محمد نواز نے 29 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں.

پال اسٹرلنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پہلے اوور ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بٹورے۔

انہوں نے برق رفتاری سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

زاہد محمود نے گلیڈی ایٹرز کو پہلی کامیابی دلائی اور الیکس ہیلز کی وکٹیں اڑا دیں، جنہوں نے 13 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے تھے.

پال اسٹرلنگ بھی زاہد محمود کا شکار بنے لیکن وہ برق رفتار 56 رنز بنا چکے تھے اور ٹیم کا اسکور 93 رنز تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ 130 رنز پر گری، روحیل نذیر نے شاداب خان کے ساتھ مل کر تسری وکٹ پر 37 رنز کا اضافہ کیا۔

روحیل نذیر 34 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شاداب خان کو فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے آؤٹ کیا، جنہوں نے 21 رنز بنائے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 17 اوورز میں 4 وکٹوں پر 157 رنز بنا کر میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا اور 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کر لیے.

آصف علی 16 اور حسین طلعت ایک رن بنا کر ناقابل شکست رہے.

فہیم اشرف کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوشش کریں گے کہ کم سے کم اسکور پر آؤٹ کریں۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کل شیڈول تھا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ ملتوی کردیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن میں پہلی دفعہ مد مقابل ہوں گے—فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ ٹوئٹر

ایونٹ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میچ کھیل دو میں کامیابی حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم تاحال کسی میچ میں فتح کے حصول میں ناکام رہی ہے اورکوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرپائی۔

پی ایس ایل کی جانب سے ٹوئٹر میں کہا گیا کہ میچ سے قبل ٹیکنیکل کمیٹی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اس میچ میں کم ازکم دو غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی اجازت دی تھی،

سرفراز احمد نے نصف سنچری بنائی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس اس وقت صرف تین غیر ملکی کھلاڑی موجود ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد (کپتان)، فاف ڈیوپلیسی، کیمرون ڈیلپورٹ، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، ڈیل اسٹین، محمد حسنین، نسیم شاہ

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، پال اسٹرلنگ، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، ایلکس ہیلز، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، موسیٰ خان، محمد وسیم

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے