English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

صادق سنجرانی چیئرمین اور مرزا آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

اسلام آباد: حکومت نے اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کو سینیٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین دونوں نشستوں پر شکست دے کر بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومتی امیدوار صادق سنجرانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست دے کر دوبارہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے جبکہ نائب چیئرمین کے الیکشن میں مرزا محمد آفریدی نے مولانا عبدالغفور حیدری کو ہرا دیا۔

صادق سنجرانی نے 48 اور یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے جن میں سے 7 ووٹ یوسف رضا گیلانی کے تھے۔ مرزا محمد آفریدی نے 54 اور عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ حاصل کیے۔

پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر مظفر حسین کی زیر صدارت ایوان بالا کے اجلاس کا آغاز ہوا جس میں نئے منتخب ہونے والے سینیٹرز کی حلف برداری ہوئی۔ ضوابط کے مطابق صدر مملکت کے مقرر کردہ پریزائیڈنگ افسر سینیٹر سید مظفر حسین شاہ نے نو منتخب ارکان سینیٹ سے حلف لیا۔

حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی جبکہ پی ڈی ایم امیدواروں یوسف گیلانی اور عبدالغفور حیدری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جو منظور کرلیے گئے۔ پریزائیڈنگ افسر نے امیدواران کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے۔

اجلاس میں نماز جمعہ کا وقفہ کیا گیا جس کے بعد پریزائیڈینگ آفیسر نے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول جاری کیا۔

چیئرمین کے لیے سینیٹ ارکان نے حروف تہجی کے اعتبار سے ووٹ کاسٹ کیا۔ پہلا ووٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کاسٹ کیا۔ ایوان 100 ارکان پر مشتمل ہے لیکن جماعت اسلامی کی طرف سے غیر حاضر رہنے کے فیصلے اور اسحاق ڈار کے حلف نہ لینے کی وجہ سے اجلاس میں 98 سینیٹرز موجود تھے اور انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے