کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ کھیل حکومت سندھ کے تعاون اور سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام استحکام پاکستان سیپاک ٹاکرا چمپئن شپ نارتھ کراچی یمخانہ پر کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ جس میں مردوں کی 6 ٹیمیں اور خواتین کی 6 ٹیمیں جن میں اندرون سندھ کی ٹیمیں حیدرآباد ،سکھر ، لاڑکانہ ،اور بینظیر آباد ڈویژن بھی شامل تھیں نے شرکت کی۔ چمپئن شپ میں تین، تین ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ مردوں میں کراچی ویسٹ نے کراچی سینٹرل کو 21-17 ،21-16 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ کراچی ایسٹ نے کراچی ساؤتھ کو 21-17 ،15-21 اور 21-12 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین کے مقابلوں میں کراچی ڈویژن نے کراچی ریڈ کو 21-16 اور 21-12 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ تیسری پوزیشن کے لئے حیدرآباد نے سکھر کو 21-19 اور 21-12 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بعد ازاں چمپئن شپ کا افتتاح چیئرمین سندھ سیپاک ٹاکرا ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد عارف حفیظ نے کیا جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جاپان سے آئے ہوئے مہمان عبدالوحید کشمیری تھے اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر محفوظ الحق مہمان خاص تھے۔
