English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

‘بابر اعظم استعفیٰ دیں ورنہ سرفراز پارٹ ٹو بن جائیں گے’

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کی مرضی کی قومی ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا تو وہ مستعفی ہو جائیں ورنہ سرفراز پارٹ 2 بن جائیں گے۔

سرکاری ٹی وی ‘پی ٹی وی اسپورٹس’ پر دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے منتخب اسکواڈ کے حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیے جانے کی خبروں پر شعیب اختر نے بابر اعظم کی حمایت کی۔

شعیب اختر نے کہا کہ بابر اعظم کہہ رہے ہیں کہ ان کی مرضی کی ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا، اگر انہیں اس چیز کا درد ہے اور برانڈ بننا ہے تو ابھی استعفے دے اور بتائے کہ آئندہ میری مرضی کے خلاف نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بابر نے استعفیٰ نہ دیا تو سرفراز پارٹ ٹو تیار ہو جائے گا۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پچھلے 10-15 سال سے ایمانداری سے ٹیم منتخب نہیں کی گئی اور جن کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا، ان سے بہت زیادتی کی گئی۔

واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ سے کپتان بابر اعظم خوش نہیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ٹیم سلیکشن میں ان کی رائے کو نظرانداز کردیا گیا۔

بابر اعظم خصوصاً ٹی20 ٹیم میں بڑے پیمانے پر کی گئی تبدیلیوں کے پر نالاں ہیں کیونکہ ق رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کی وجہ سے وہ اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے حق میں نہیں ہیں۔

پروگرام میں راشید لطیف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی ابھی متعارف کرائے جا رہے ہیں وہ بھی اچھے ہیں لیکن کیا وہ طویل عرصے تک پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے رائے اس وقت لی جاتی ہے جب ہم پھنستے ہیں جیا کہ ہم 2015 ورلڈ کپ میں پھنسے جب سہیل خان اور انور علی کے انتخاب پر سلیکشن کمیٹی دو حصوں میں تقسیم ہو گئی تھی، اصل میں انور علی کو ورلڈ کپ میں جانا تھا لیکن سہیل خان کی بھی کارکردگی تھی لہٰذا اس معاملے پر چیئرمین پی سی بی سے مشاورت کی گئی جنہوں نے حتمی فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دورہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں عماد وسیم، کامران غلام، عثمان صلاح الدین اور یاسر شاہ کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور ہم اس بارے میں بات نہیں کریں گے تو ہم اس بارے میں زیادتی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سوشل میڈیا کی پسند پر بنائی گئی ہے اور اس میں فرنچائز بھی شمال ہو جاتی ہیں کیونکہ فرنچائز چلانے والے سوشل میڈیا بھی چلا رہے ہیں، تو سب خوش کرنے کے لیے سلیکشن کمیٹی نے کہا کہ ایک، ایک کھلاڑی ڈال دو، وسیم خان کو دکھاتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر پذیرائی ہو گئی ہے تو وہ بھی مطمئن ہو جاتے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا کا گراف دکھا دیا جاتا ہے۔

سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ شاہنواز دھانی ڈومیسٹک میں سندھ سے کھیلے اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی جس میں ان کا اکانومی 10 سے زیادہ تھا اور یہی وجہ تھی کہ ان کو ٹی20 کے بجائے ٹیسٹ میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے محمد عمران کی کسی نے بات نہیں کی جس کا اکانومی ریٹ 7.05 ہے، میں اس کھلاؤں گا جو ٹی20 میں رنز کم دے گا، اس کی وکٹ کم ہیں اس لیے اسے منتخب نہیں کیا گیا لیکن ٹی20 میں ہمیشہ اکانومی ریٹ دیکھا جاتا ہے۔

فاسٹ باؤلر حسن علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

حسن علی کا کل دوبارہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانگی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے 35 رکنی اسکواڈ کے کووڈ-19 کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے حسن علی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

حسن علی کا ٹیسٹ ان کے آبائی شہر گوجرانوالہ میں لیا گیا جہاں ان میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ حسن علی کا کل دوبارہ کووڈ-19 کا ٹیسٹ کیا جائے گا اور اس کے نتائج آنے کے بعد ان کی جنوبی افریقہ روانگی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں ایک کھلاڑی میں وائرس کی تصدیق کی گئی تھی۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی ٹیم کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل 35 افراد کے کووڈ-19 کے ٹیسٹ لیے گئے اور 16 مارچ کو کروائی گئی اس ٹیسٹنگ میں صرف ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اس کے علاوہ بقیہ 34 افراد کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ 18 مارچ بروز جمعرات کو لاہور پہنچ جائیں گے۔

قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 19 مارچ بروز جمعہ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو گا۔

بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جس کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کا اب دوبارہ جمعرات کو اس کی رہائش گاہ پر ٹیسٹ لیا جائے گا اور ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر لاہور جانے کی اجازت دی جائے گی اور جہاں 2 روزہ آئسولیشن کے بعد مذکورہ کھلاڑی کا تیسرا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے حسن علی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا۔

آج ٹیسٹ مثبت آنے سے چند دن قبل ہی حسن علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کووڈ-19 کا ٹیسٹ منفی آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ زندگی میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر خوشی ہو رہی ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے