

لاہور (سید وزیر علی قادری) پاکستان فٹبال پریمیر لیگ بہت جلد شروع ہوگی اور فیڈریشن کے انتخابات اسکروٹنی کے عمل کے مکمل ہونے پر ہی ممکن ہونگے۔ یہ بات فیفا کی جانب سے بنائی گئی نارملائز یشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون نے نمائندہ خصوصی جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ لاہورمیں قائم پی ایف ایف ہیڈکوارٹر میں بات چیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہمارے فٹبالرز بہت جواں عزم، ہمت والے، محنتی اور جیت کی امنگ کے ساتھ سبز ہلالی پرچم کو دنیا میں اونچا مقام دلانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ملک ہارون نے کہا کہ فیفا سے بات چیت چل رہی ہے کہ ہمیں وہ دیگر ممالک کی طرح آئی ڈی دے دیں تو براہ راست فیفا کے پاس ہی نہیں خود کھلاڑی بھی ان لائن ہوجائے گا اس عمل کیلیے FIFA CONNECT ID درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شفاف انتخابات کرانے کیلئے کوشاں ہیں اور رمضان المبارک کے بعد کھلاڑیوں اور کلبوں کی جانچ پڑتال ہونے کے بعد منتخب عہدیداروں کو چارج حوالے کرکے خوش اسلوبی سے سبکدوش ہونا چاہتے ہیں۔ اس پورے عمل میں کیونکہ وقت لگ رہا ہے لہذا کھلاڑیوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کیلئے جلدہی پاکستان فٹبال پریمیر لیگ کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ یہ ہی نہیں بلکہ SAFF سائوتھ ایشین فٹبال فیڈریشن ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے عید الفطر کے بعد منتخب کھلاڑیوں کا کیمپ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیفا نے جو کام ہمارے سپرد کیا ہے اس مینڈیٹ میں ٹورنامنٹس کرانا ہماری زمہ داری تو نہیں مگر بحیثیت پاکستانی ہم کھلاڑیوں کے بڑھتے ہوئے معاشی مسائل کو بھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کو ان سرگرمیوں سے حوصلہ ملے گا اور وہ ملازمت سے جبری بے دخلی جیسے انتہائی اقدام اٹھانے سے باز رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنجیدہ حلقوں کی جانب سے ویمن چیمپین شپ میں اسلامی و قومی اقتدار کا پاس نہ رکھنے پر جسارت نے جو ردعمل ظاہر کیا وہ قابل ستائش ہے اور آئندہ ہونے والے خواتین ایونٹس میں اس کا پورا پورا خیال رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں پہلے ہی سے تمام امور طے کر لیتے جائیں گے۔ انہوں نے روزنامہ جسارت کے اسلام آباد سے اجراء پر ادارے کی انتظامیہ اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے آخر میں روزنامہ جسارت کے سینیر رپورٹر اور انچارج اسپورٹس صفحہ سید وزیر علی قادری نے منور حسن خصوصی شمارہ ہارون ملک کو پیش کیا۔
