لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کے علاج کے اخراجات اٹھانیکا اعلان کیا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق توصیف احمد پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں، توصیف احمد کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، وہ جب تک سفر کے قابل نہیں ہوں گے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں رہیں گے ۔ادھر سابق اسپنر توصیف احمد پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرعلاج ہیں، توصیف احمد کی اینجیو پلاسٹی کا عمل مکمل ہوگیا ہے، توصیف احمد کے بھتیجے سیف الدین کے مطابق سابق کرکٹر توصیف احمد کو دو اسٹنٹ ڈالے گئے ہیں ، وہ ابھی ریکوری سینٹر میں موجود ہیں،12گھنٹے آبزر ویشن میں رہنے کے بعد ان کو دوسرے وارڈ میں منتقل کیا جائیگا۔ سیف الدین نے بتایا کہ اسپتال میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا، پرامید ہیں توصیف احمد کو جلد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
