English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خبریں بے بنیاد ہیں،پی سی بی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا،وسیم اکرم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا ، ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 54 سالہ لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میں چیف سلیکٹر محمد وسیم کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کس کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شامل کرو اور کس کو نکالو، میرے پاس اتنا وقت نہیں، مجھے اور بہت کام ہوتے ہیں، دراصل میں بھی ایسی باتیں سنتا رہتا ہوں، ایسی خبریں پھیلانے والے فارغ لوگ ہیں۔کرکٹ کمیٹی کے رکن نے اپنی ہی کمیٹی پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ کونسی کرکٹ کمیٹی، جسکا سال میں ایک ہی اجلاس ہوتا ہے، ایک سوال کے جواب میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ جنوبی افریقا بہت اہمیت کا حامل ہے، وہاں کی پچز پاکستان سے بہت مختلف ہوں گی اور ان وکٹوں پرپاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں نے قومی ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے کی جانے والی کافی باتیں سنی ہیں، محمد وسیم کو کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر بنایا ، پاکستان میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کو مسئلہ بنانا ہمیشہ سے جاری ہے، جو کھلاڑی سکواڈ میں شامل ہو اس کا کوئی ایشو نہیں بنتا لیکن جو باہر ہوجائے اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے، محمد وسیم کا کام قومی سکواڈ کی سلیکشن ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب کے وقت کپتان اور چیف سلیکٹر کے درمیان بحث ہونا معمول کی بات ہے اسے ایشو بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کافی وقت سے بائیو سیکیور ببل میں تھے، شرجیل خان نے مجھ سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس بہتر بنانے پر کام کرے گا، شرجیل خان کو قومی ٹیم میں جگہ پکی کرنے کے لیے اپنی فٹنس انٹرنیشنل معیار کے مطابق کرنا ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے