کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان نے کہاہے کہ صرف فٹنس سب کچھ نہیں ہوتی، اسکلز پر بھی توجہ دے رہا ہوں، فٹنس کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں لیکن مینجمنٹ کے مقرر کردہ معیار تک پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں،جو کچھ پہلے ہوا ماضی بن چکا، کم بیک پر تمام ساتھی کھلاڑیوں نے خوش آمدید کہا ۔دورہ جنوبی افریقا اور زمبابوے کیلئے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرکٹر نے ورچوئل میڈیا کانفرنس میں کہا کہ قومی ٹیم میں کم بیک پر بہت خوش ہوں ،لاہور میں تربیتی کیمپ میں اچھے ماحول میں ٹریننگ کا موقع ملا ہے۔فٹنس پر تنقید کے حوالے سے سوال پر اوپنر نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن کھیلا، مسلسل 7 ماہ سے کرکٹ میں سرگرم اور پرفارم بھی کررہا ہوں، فٹنس کا کوئی بڑا مسئلہ نہیں تاہم منیجمنٹ کے مقرر کردہ معیار تک پہنچنے کی کوشش کررہا ہوں۔
