کوئٹہ (نمائدہ خصوصی)چیف منسٹربلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز پاکستان واپڈا نے سندھ کلرزکو12گول داغ ڈالے،نیشنل بینک نے پنجاب وائٹس کو ایک سنسنی خیز مقابلہ میں 2-4 گول سے شکست دیدی جبکہ تیسرے میچ میں پنجاب کلرز نے بلوچستان کلرز کو دلچسپ میچ میں 2-7 گول سے ہرا کرمیدان مارلیا۔ یوتھ ہاکی ڈویلپمنٹ ویژن کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان کے زیراہتمام ، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی زیرنگرانی قومی کھیل کے فروغ ، ترقی اور بحالی کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز مزید 3 میچز کا فیصلہ ہوگیا۔پہلا میچ پاکستان واپڈا اور سندھ کلرز کے مابین کھیل گیا جوکہ پاکستان واپڈا نے 1-12 گول سے جیت لیا۔دوسرا میچ نیشنل بینک اور پنجاب وائٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جوکہ نیشنل بینک نے ایک سنسنی خیز مقابلہ میں پنجاب وائٹس کو 2-4 گول سے شکست دیکر فتح حاصل کی۔ اس دلچسپ میچ میں نیشنل بینک کی کہنہ مشق اور تجربہ کار ٹیم کو پنجاب کے نوجوان کھلاڑیوں نے میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں یکے بعد دیگرے 2گول داغ ڈالے۔ دوسرے کوارٹر میں نیشنل بینک نے یکے بعد دیگر دونوں گول اسکور کرکے پنجاب وائٹس کی برتری کا خاتمہ کرڈالا جبکہ نیشنل بینک نے میچ کے چوتھے کوارٹر میں مزید 2گول ا سکور کرکے فتح اپنے نام کی۔ نیشنل بینک کی جانب ارسلان قادر، عامر علی، جنید منظور اور حنان شاہد نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ پنجاب وائٹس کی جانب سے شاہ زیب اور حافظ افراہیم مانگا نے ایک ،ایک گول اسکور کیا۔تیسرا میچ پنجاب کلرز اور بلوچستان کلرز کے درمیان کھیلا گیا جوکہ پنجاب کلرز نے ایک دلچسپ مقابلہ میں 2-7 گول سے جیت لیا۔پنجاب کی جانب سے میزبان ٹیم بلوچستان کلرز کو ہونہار کھلاڑی زین اعجاز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے4گول اسکور کیے جبکہ عماد، ذیشان بخار اور عبدالمنان نے ایک ،ایک گول ا سکور کیا۔ بلوچستان کلرز کی جانب سے اسفند نے2 شاندار گول ا سکور کیے۔
