English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈبلیو ایچ او نے چینی کمپنی سائنو فارم کو کورونا ویکسین کی منظوری دے دی ہے

القمر

عالمی ادارہ صحت نے چین کی کمپنی سینوفارم کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین کے لیے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

یہ پہلی چینی ویکسین ہے جسے عالمی ادارے نے کسی بھی وبائی مرض کے خلاف استعمال کی منظوری دی ہے، جس کا استعمال پہلے ہی دنیا بھر میں لاکھوں افراد کرچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی منظوری سے عالمی سطح پر یہ عندیہ دیا جاتا ہے کہ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے۔

اس منظوری کے بعد اس ویکسین کو کوویکس پروگرام کا حصہ بھی بنایا جاسکے گا جس کا مقصد غریب اور ترقی پذیر ممالک تک کووڈ ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بھی سینوفارم کی کووڈ ویکسین کو ہی زیادہ استعمال کیا جارہا ہے۔

عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے اس حوالے سے بتایا کہ کووڈ 19 ویکسینز کی فہرست میں توسیع سے کوویکس کو انہیں خریدنے کا موقع مل سکے گا جبکہ ممالک کو ان ویکسینز کی منظوری کے لیے اعتماد مل سکے گا۔

عالمی ادارے کے سنیئر مشیر بروس ایلورڈ نے بتایا کہ یہ اب سینوفارم پر ہے کہ وہ کوویکس پروگرام کے لیے کتنی خوراکیں فراہم کرتی ہے مگر یہ کمپنی دنیا بھر میں لوگوں کی معاونت کرنا چاہتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت اس سے قبل فائزربائیو این ٹیک، ایسٹرازینیکا/آکسفورڈ، جانسن اینڈ انسن اور موڈرنا ویکسینز کی منظوری دے چکا پے۔

سینوفارم کی ویکسین کی منظوری کا فیصلہ عالمی ادارے کے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے مشورے پر کیا گیا، جس کا اجلاس 26 اپریل کو ہوا اور اس میں سینوفارم ویکسین کے تازہ کلینیکل ڈیٹا پر نظرثانی کی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سائنو فارم ویکسین آسانی سے محفوظ کی جاسکتی ہے اور اس وجہ سے کم وسائل والے خطوں کے لیے بہت زیادہ موزوں ہے۔

عالمی ادارے کے مطابق ماہرین نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے اس ویکسین کی 2 خوراکوں کو موزوں قرار دیا ہے۔

بیان کے مطابق دستیاب شواہد کی بنیاد پر ڈبلیو ایچ او نے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین کے استعمال کا مشورہ دیا ہے، جس کی 2 خوراکیں 3 یا 4 ہفتوں کے وقفے میں استعمال کرائی جائیں گی۔

خیال رہے کہ اس ویکسین کو سینوفارم کے ذیلی چائنا نیشنل بائیوٹیک گروپ نے تیار کیا اور ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین ہر عمر کے گروپس میں بیماری سے تحفظ کے لیے 79 فیصد تک مؤثر ہے۔

تاہم بیان میں کہا گیا کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے کم افراد کو کلینیکل ٹرائلز میں شامل کیا گیا تو اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسین کی افادیت کا درست تعین نہیں کیا جاسکتا۔

چین کی دوسری کمپنی سینوویک کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری کا فیصلہ عالمی ادارے کی جانب سے آئندہ ہفتے دیا ائے گا جبکہ ٹیکنیکل گروپ کا اجلاس 12 مئی کو ہوگا۔

اس ویکسین کی افادیت پر نظرثانی عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کی جانب سے کی جارہی ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے