پاکستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں شان دار بیٹنگ کے بعد زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم 132 رنز پر آؤٹ کرکے فالوآن کا شکار کردیا۔
ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے میچ کے تیسرے روز جب زمبابوے نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو ان کا اسکور 4 وکٹوں پر 52 رنز تھا۔
ریگس چکابوا 28 اور ٹینڈائی چیسورو ایک رن بنا کر کھیل رہے تھے لیکن ایک رن کے اضافے کے ساتھ ہی حسن علی نے چیسورو کی وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کا اسکور 68 رنز پر پہنچاتھا تو چھٹی وکٹ بھی گرگئی جب حسن علی نے ریگس چیکابوا کی 33 رنز کی انفرادی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ لیوک جونگوے بھی جلد ہی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔
ڈونلڈ ٹریپانو اور روئے کائیا نے اچھی شراکت قائم کی اور ٹیم کی سنچری مکمل کرتے ہوئے اسکور 108تک پہنچایا لیکن ساجد خان نے تریپانو کو 23 رنز سے آگے بڑھنے نہیں دیا۔
روئے کائیابھی 110 رنز پر حسن علی کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں نے 11 رنز بنائے تھے، آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز بلیسنگ مزربانی تھے جو 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ رچرڈ نیگاروا نے آؤٹ ہوئے بغیر 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔
پاکستان نے میزبان ٹیم کو فالوآن کروانے کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کا دوسری اننگز میں آغاز اچھا نہیں تھا اورپہلی وکٹ 13 رنز پر تریسائی مساکانڈا کی صورت میں گری۔
شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔
زمبابوے نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 57 رنز بنائے ہیں اور پہلی اننگز کے خسارے کو برابر کرنے کے لیے مزید 321 رنز درکار ہیں۔
قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹوں پر 510 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردیا تھا.
پاکستان نے سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے.
منبع: ڈان نیوز
