ویب ڈیسک —
ایسے میں جب امریکہ کے اندر کرونا ویکسین کی طلب میں کمی کی اطلاعات مل رہی ہیں، صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک آئندہ چھ ہفتوں کے دوران ویکسین کی دو کروڑ خواکیں دنیا کو عطیہ کرے گا۔
صدر بائیڈن نے وائٹ ہاؤس سے کووڈ 19 رسپانس اور ویکسی نیشن پروگرام کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کرونا ویکسین کی مہم کے لیے ایک اور قدم بڑھا رہا ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جب تک یہ وبا دنیا بھر میں قابو نہیں آ جاتی تب تک امریکہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔
صدر نے اعلان کیا کہ آج سے امریکہ فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔
اس سے پہلے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بتایا تھا کہ امریکہ اگلے چھ ہفتے کے دوران ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔
جین ساکی نے بتایا تھا کہ یہ خوراکیں امریکہ میں زیر استعمال ویکسین کی ہیں جن میں فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ کے کنٹرول میں موجود ویکسین کی خوراکیں ملک سے باہر بطور امداد دی جائیں گی۔
اے پی کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکہ میں ویکسین کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔
وائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جو بائڈن نے بتایا کہ امریکہ نے مارچ کے مہینے میں کینیڈا کو 40 لاکھ ایسٹرازینیکا کی ویکسین کی خوراکیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپریل میں دوسرے ممالک کو ایسٹرا زینکا کی چھ کروڑ ویکسین کی خوراکیں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ویکسین کی جانچ امریکی وفاقی ادارہ فیڈرل ڈرگ ایسوسی ایشن کر رہا ہے، جیسے ہی وہ اسے محفوظ قرار دے گا، یہ خوراکیں بھیج دی جائیں گی۔


No media source currently available
اے پی کے مطابق اب تک امریکہ نے ایسٹرازینکا کی 45 لاکھ خوراکیں کینیڈا اور میکسیکو کو بطور امداد بھیجی ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر سے امریکہ پر یہ دباؤ تھا کہ اس نے اپنی ضرورت سے زیادہ ویکسین جمع کر رکھی ہے۔
اے پی کے مطابق صدر بائیڈن چاہتے ہیں کہ ملک کے کووڈ 19 کوآرڈینیٹر جیف زینٹس دنیا کو بطور امداد کرونا ویکسین کی خوراکیں دینے کے پروگرام کی سربراہی کریں۔
امریکی انتظامیہ نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ یہ خوراکیں کس طرح بطور امداد فراہم کی جائیں گی۔
اب تک 15 کروڑ 70 لاکھ امریکیوں کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے جب کہ 12 کروڑ 30 لاکھ کے قریب امریکی مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہیں۔
صدر بائیڈن کو امید ہے کہ امریکہ کے یوم آزادی، یعنی 4 جولائی تک 16 کروڑ امریکی مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہوں گے۔
دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس کی وبا سے 33 لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ صرف امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد انچ لاکھ 86 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔


