English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے

القمر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے مائیکرو بلاکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری کردہ ایک بیان میں اعلان کیا گیا کہ بورڈ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت کی جانب سے منظوری مل گئی ہے۔

تاہم پی سی بی کی جانب سے میچز کی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی اور تمام فرنچائز مالکان کے درمیان آن لائن اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کے بعد ایونٹ کے انعقاد سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر وسیم خان نے کہا کہ ابوظہبی میں ایونٹ کے انعقاد میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں یو اے ای کی حکومت نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی، اماراتی کرکٹ بورڈ اور ابو ظہبی اسپورٹس کونسل کا شکریہ ادا کیا۔

وسیم خان نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام فرنچائز مالکان سے مشاورت کی جائے گی ساتھ ہی اس کی تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا عندیہ بھی دیا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

جون میں ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے علیحدہ سے ڈرافٹ بھی کیا گیا جس میں غیرملکی کھلاڑیوں سے محروم فرنچائزوں نے ان کے متبادل کا انتخاب کیا لیکن بین الاقوامی مصروفیات کے سبب مشہور کھلاڑی لیگ کے لیے دستیاب نہ ہو سکے۔

بعدازاں پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کرتے ہوئے پاکستان نے میچز کے انعقاد کے لیے امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے