اسلام آباد: کوروناوبا کے باعث مزید 88 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 4 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 62 ہزار 238 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 12,717,23 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 007 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 897,468 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 06 ہزار 707 ، پنجاب میں 3 لاکھ 33 ہزار 057، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 29 ہزار 013، اسلام آباد میں 80 ہزار 156، بلوچستان میں 24 ہزار 413 ، آزاد کشمیر میں 18 ہزار 651 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 471 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد63 ہزار 436 ہے۔ جب کہ4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 88 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 20 ہزار 177 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 3 ہزار 712 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 813,855 ہوگئی ہے۔
