ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

وزیراعلیٰ سندھ کا صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا جو 6 روز تک جاری رہے گی۔

مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 90 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے بیان کے مطابق مہم سندھ کے 30 اضلاع میں جاری رہے گی اور 12 جون کو اختتام پذیر ہوگی۔

مہم کے دوران جن بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ان میں 20 لاکھ سے زائد بچے کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان معیاری مہمات کی وجہ سے جولائی 2020 کے بعد سے سندھ میں پولیو کا ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا جبکہ گزشتہ سال سندھ میں 22 کیسز جبکہ ملک بھر میں 84 کیسز سامنے آئے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو مہم عالمی ادارہ صحت کی کووِڈ 19 کے حوالے سے طے کردہ پروٹوکولز کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے جس میں پولیو ورکرز کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی تعیناتی سے قبل ان کے جسم کا درجہ حرارت دیکھا جائے گا اور وہ گھروں میں داخل یا بچے کو براہِ راست چھو نہیں سکیں گی، علاوہ ازیں دروازوں پر قلم سے دستک دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کورونا وائرس وبا کی وجہ سے مارچ تا جولائی پولیو مہم میں وقفہ آگیا تھا جسے یکے بعد دیگرے مہمات سے پورا کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں کی جانچ سے بھی پولیو کی شرح منفی دکھائی دے رہی ہے جو ملک کے بچوں کے مستقبل کے لیے خوش آئند بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان اور افغانستان وہ 2 ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو کی عالمی وبا موجود ہے اور پاکستان میں بھی رواں برس صرف بلوچستان میں ایک پولیو کیس سامنے آیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے جاری کردہ بیان کے مطابق انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب گورنمنٹ ڈسپینسری سلطان آباد میں ہوئی، اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی، ای او سی کے سربراہ فیاض عباسی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

منبع: ڈان نیوز

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں